ریاض.... مملکت کے مختلف علاقوں میں برڈ فلو کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق الاحساء کمشنری میں سب سے زیادہ برڈ فلو کے مریض سامنے آئے جہاں ان کی تعداد 5 بتائی جاتی ہے۔ ضرماءکمشنری میں 4 ، الخرج اور حوطہ بنی تمیم میں ایک، ایک مریض کی نشاندہی کی گئی۔ وزارت صحت اور وزارت زراعت کی مشترکہ طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں۔ برڈ فلو پھیلنے کی بنیادی وجہ غیر منظم پولٹری فارم بتائے گئے ہیں۔ طبی ٹیم نے مریضوں کو قرنطینہ میں منتقل کردیا جبکہ متعدی وائرس پھیلنے کی صورت میں عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر عمل شروع کردیا ہے۔ وزارت صحت اور وزارت زراعت کی مشترکہ ٹیم نے ہنگامی منصوبہ نافذ کرتے ہوئے الخرج ، حریملائ، ضرماء، الاحسائ، بریدہ ، البکیریہ، دوادمی اور حوطہ بنی تمیم میں متاثرہ مرغیوں اور دیگر پرندوں کو تلف کرنا شروع کردیا ہے۔ دوسری طرف وزارت صحت کی مرکزی لیباریٹری میں اب تک 2541 نمونے موصول ہوئے ہیں جن کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ یہ نمونے ان مریضوں سے حاصل کئے گئے ہیں جن میں برڈ فلو کی علامت پائی گئی ہیں۔ دریں اثناء وزارت زراعت نے ریجنوں کے درمیان زندہ پرندوں کی منتقلی پر عارضی طور پر پابندی لگا دی ہے۔ پرندوں کا گوشت منتقل کرنے کیلئے وزارت صحت کی طبی ٹیم سے خصوصی اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ ادھر وزارت کی ٹیموں نے ریاض سے مکہ مکرمہ پرندے لے جانے والی گاڑیاں ضبط کرلی گئی ہیں۔ ان کے پاس وزارت کا اجازت نامہ نہیں تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر پرندوں کی منتقلی پر 10 لاکھ ریال جرمانہ اور پانچ سال قید ہوسکتی ہے۔ وزارت صحت نے برڈ فلو سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پرندوں کا کاروبار کرنے کے علاوہ پرندے پالنے کا شوق رکھنے والوں کو متعلقہ ٹیم سے فوری طور پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جو شہری و غیر ملکی پرندے پالتے ہیں انہیں چاہیئے کہ وزارت کے فری ٹول نمبر پر رابطہ کرکے پرندوں کا طبی معائنہ کروالیں۔