اتوار 7جنوری 2017ءکو سعودی اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے۔
سعودی عوام نے صبح سویرے برکت کی خوشخبریوں کے تناظر میں اپنی رات آرام و راحت اور سکون و اطمینان کیساتھ گزاری۔ خوشخبریوں کا عنوان تھا ”فرزندان و بنات وطن کیلئے آسانی، دستخط تھے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے “۔
شاہی فرمان ولی عہد محترم کی تجویز پر جاری ہوا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے اقتصادی ڈھانچے کی تنظیم نو کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے باعث بڑھنے والے معاشی بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی شہریوں کو امید افزا خوراک فراہم کرنے کیلئے مہنگائی الاﺅنس اور سالانہ الاﺅنس تجویز کیا تھا۔ ولی عہد نے اس جذبے سے الاﺅنس تجویز کئے تاکہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں سعودی عوام کے ہاتھ مضبوط ہوں، وطن کے خواب شرمندہ تعبیر بنانے کے حوالے سے انکا مستقبل روشن ہو۔ سعودی وژن 2030کی دفعات کا عکسِ جمیل سامنے نظر آئے۔
سعودی عوام وطن عزیز کے خواب 2030 کی بابت ایک ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ وہ سلمان کے دل میں بستے ہیں۔ انہیں ادراک ہے کہ ہر شہری اور وطن عزیز کا ہر حصہ سلمان کی توجہ اور نگہداشت کا محور ہے لہذا ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ہمہ جہتی اور متوازن ترقی کیلئے ٹھوس جدوجہد جاری رکھے اور اپنی قیادت کا دست و بازو ثابت ہو۔