لکھنؤ- - - - سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے اتوار کویوپی کی یوگی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے نہ تو آلو کے کسانوں کی پیداوارا سہارا قیمت مقرر کی نہ ہی گنا کسانوں کے بقایا کی ادائی ہی مکمل کرسکی ، نہ ان کی قرض معافی وعدے کے مطابق کی بلکہ قرض معافی کے سلسلے میں تو کسانوں کو 50 پیسے سے لے کر40,60 روپے ادا کرکے ان کا مذاق اڑایا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ایک طرف آلو کسان خسارہ سے پریشان اپنی پیداوار اسمبلی ہاؤس کے سامنے اور لکھنؤ کی اہم شاہراہوں کے علاوہ وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس کے بنگلوں کے سامنے پھینک کر زبردست احتجاج کیا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ بھی ایک طرح سے کسانوں کا مذاق اڑانا ہوا کیونکہ ابھی تک ان کے اعلان کے مطابق پوری ریاست میں دھان خریداری کے ضرورت بھر مراکز بھی قائم نہیں کیے گئے ۔ اگر انھوں نے آلو کی سرکاری خریداری کی ہوتی تو کسان اپنی پیداوار کو سڑکوں پر کیوں پھینکتے۔انھوں نے کہا کہ آج یوپی میں کسانوں کی بری حالت ہے اس لیے اس سے پریشان ہوکر وہی خود کشی بھی کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بی جے پی کسانوں کی بات تو خوب کرتی ہے لیکن اس کا ہر عمل ان کے خلاف ہے ۔ سابق وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ ایٹا میں آج تک آلو خرید مرکز قائم ہی نہیں ہوا اور کئی اضلاع میں مراکزتو قائم ہوئے لیکن وہاں ابھی تک تول کے لیے کانٹا تک نہیں لگا۔