سعودی وزیر تعلیم یوسف بن عبداللہ البنیان نے کہا ہے کہ اس سال ہیومن کیپیبلٹیز انیشیٹو کانفرنس انسانی صلاحیتوں کی ترقی کے پروگرام کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے جو مملکت کے وژن 2030 میں سے ایک ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جو اس پروگرام کے چیئرمین ہیں، کی مسلسل پیروی اور حمایت حاصل ہے۔
سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان اتوار کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر سرپرستی ہونے والی ہیومن کیپیبلٹیز انیشیٹو (ایچ سی آئی) 2025 کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن میں خطاب کررہے تھے۔

سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایچ سی آئی 2025 کا عنوان ’مستقبل کی تیاری سے آگے‘ ہے۔
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں 300 سے زائد ممتاز رہنماؤں، پالیسی سازوں اور تعلیمی اداروں، نجی شعبے اور غیر منافع بخش تنظیموں کے عالمی ماہرین شریک ہیں اس کے علاوہ 38 ممالک کے شرکاء بھی شامل ہیں۔
ریاض میں وزیر تعلیم اور انسانی صلاحیت کی ترقی کے پروگرام کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین یوسف بن عبداللہ البنیان نے اپنے بیان میں کہا کہ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن پہلے ایڈیشن میں سابقہ کامیابیوں کی توسیع ہے۔

کانفرنس کے پروگرام میں چار اہم پلیٹ فارمز پر 100 سے زیادہ ڈائیلاگ سیشنز شامل ہیں جن کا مقصد تجربات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنا اور تیز رفتار عالمی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے انسانی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے سرکردہ طریقوں کو تلاش کرنا ہے۔
کانفرنس مختلف اہم تقریبات کی میزبانی کرے گا بشمول دنیا بھر سے 202 وزراء کی شرکت کے ساتھ وزارتی گول میز اور یونیسکو کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس، مقامی اور عالمی سطح پر انسانی صلاحیت کی ترقی سے متعلق کئی معاہدے بھی طے شدہ ہیں۔
اس کانفرنس کا اہتمام ایچ ڈی سی پی نے کیا ہے۔ جو وزارت تعلیم کے اشتراک سے ہے۔ اس کے تحت وزارت ریاض میں 13 سے 16 اپریل تک ایجوکیشن گلوبل ایگزیبیشن (ای ڈی جی ای ایکس) کی میزبانی بھی کرے گی جو انسانی صلاحیت اور تعلیم کے لے وقف ایک ہفتہ تخلیق کرے گی اور انسانی صلاحیتوں کو پیش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔