لکھنؤ- - - - - - دنیا کے7 عجوبوں میں شمار دَھول سنگ مرمری تاج محل،اس کی ایک جھلک کیلئے سیاح دنیا کے کونے کونے سے آتے ہیں گزشتہ چند دنوں سے بھیڑ کی وجہ سے دبائو میں بدحال ہوتے انتظامات کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی خاص مقبرہ کے اندر لگائی گئی ریلنگ بھی سوالوں کے دائرے میں ہے۔ اسے بھیڑ کو منظم کرنے و تاج کی دیواروں کو سیاحوں کے چھونے سے بچانے کیلئے لگایا گیا تھا۔ ریلنگ سے ٹورسٹ تو پریشان ہیں ہی، تاج بھی ان کے چھونے سے نہیں بچ پارہا ۔ مقبرہ کے اندر دیواروں پر گندے داغ لگ گئے ہیں۔ کرسمس و نیا سال پر آگرہ آئے سیاحوں کیلئے تاج محل کے دیدار کرنے والوں کا استحصال ہوتا رہا۔ ٹکٹ ونڈو، داخلہ گیٹ، چنبیلی فرش اور مقبرہ پر لمبی لمبی قطاریں لگیں۔ 31 دسمبر کو تو ٹرائل کرتے ہوئے تاج کے خصوصی مقبرے کو دن بھر سیاحوں کیلئے بند رکھا گیا۔ سیاحوں کی شکایات بڑھنے پر بعد میں اسے شام کو کھلوا دیا گیا۔ تاج میں لمبی لائنوں کیلئے سی آئی ایس ایف کے ذریعہ مقبرہ میں لگائی گئی ریلنگ کو ذمہ دار بتایا گیا۔ اے ایس آئی نے تاج کی حفاظت کی دلیل دیتے ہوئے اسے ہٹانے سے انکار کردیا۔ قریب 90 لاکھ روپئے خرچ کرکے ستمبر میں ہی ریلنگ لگائی گئی تھی۔