Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک اقتصادی تباہی کی طرف جارہا ہے ، اعجاز الحق

بروقت انتخابات کیلئے نواز شریف اپنی حکومت میں حزب اختلاف کے کردار سے باز رہیں، پاکستان بزنس فورم کے ظہرانے پر رکن قومی اسمبلی کی گفتگو
جدہ (جاوید راہو) ملک اقتصادی تباہی کی طرف جارہا ہے۔زرمبادلہ کم ہوچکا ہے۔برآمدات کم جبکہ درآمدات بڑھ گئی ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔یہ بات رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ ض کے صدر محمد اعجاز الحق نے کہی۔وہ جدہ میں پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین مسعود احمد پوری اور صدر ابوبکر میمن کے ظہرانے میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو فروغ دینے کیلئے ملک میں ایسے پراجیکٹ شروع کئے جاتے ہیں جس میں کمیشن زیادہ ہو۔شوکت عزیز کے زمانے میں آئی ایم ایف سے چھٹکارا مل گیا تھا مگر اب سوتے جاگتے ہم آئی ایم ایف کی طرف دیکھتے ہیں۔حالات بتا رہے ہیں کہ ڈالر 130 روپے تک پہنچ جائے گا۔ ہماری کرنسی بنگلہ دیش، ہند اورافغانستان سے بھی نیچے جاچکی ہے۔ایک سوال کے جواب میں اعجاز الحق نے کہا کہ سب کی خواہش ہے انتخابات وقت پر ہوں مگر ابھی تک شک ہے کچھ جماعتیں سینیٹ سے قبل ملک میں ہلہ گلہ چاہتی ہیں۔پرامن انتخابات کیلئے نواز شریف کو اپنی ہی حکومت میں حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے سے باز رہنا ہوگا۔ اداروں سے لڑائی کسی کے حق میں نہیں۔سیاست دانوں کو اپنے بل بوتے پر انتخاب لڑنا ہوگا۔ پیشہ ور افواج جو دہشت گردوں سے جنگ میں مصروف ہے وہ ملک کے اندر پر امن ماحول چاہتی ہے۔ اعجاز الحق نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا جسے یہ بھی معلوم نہیں کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ملکی معیشت اور جانوں کا نذرانہ دیا ہے ۔ وہ چند ٹکڑوں کیلئے پاکستان پر الزام لگا رہا ہے۔ دراصل اس وقت ٹرمپ کے منہ میں ہند کی زبان ہے۔

شیئر: