باغپت- - - - - - یوپی کے مغربی تحصیل میں سہارن پور سے تعلق رکھنے والے تین مسلم نوجوانوں پر وشوہندو پریشد کے کارکنوں نے حملہ کرکے ان پر تشدد کیا۔ پولیس کو جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع ملی کہ تین مسلم نوجوانو ں کو زدوکوب کیا جارہا ہے تو وہ فوری موقع پر پہنچی اور ہندو انتہاء پسندو ںکے چنگل سے تینوں کو آزاد کرالیا گیا۔ ان کے ساتھ ایک ہندو لڑکی بھی تھی جس پر یہ معاملہ مارپیٹ کی نوبت تک پہنچا۔ باغپت پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے بتایا کہ ہندو لڑکی کا تعلق ریاست پنجاب کے برنالا شہر سے ہے جہاں سے وہ مذکورہ تینوں مسلمانوں کے ہمراہ باغپت پہنچی تھی۔ دراصل ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ 25 سالہ کلیم، 26 سالہ ندیم اور 28 سالہ مدثر گزشتہ 15 سال سے پنجاب کے برنالا شہر میں روزگار کی غرض سے مقیم ہیں جہاں کلیم کا تعلق ہندو لڑکی سے ہوگیا جو اس سے شادی کرنے کیلئے تیار تھی۔ ایس ایچ او کے مطابق تینوں متاثرین کے بیانات قلم بند کرلئے گئے ہیں اور لڑکی کی شکایت پر ویشوہندو پریشد کے نامعلوم کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔ اس معاملے کی اطلاع برنالا پولیس کو کردی گئی تھی جس کی ایک ٹیم فوراً ہی باغپت پہنچی اور اس نے بتایا کہ لڑکی کی بہن نے تینوں مسلمان نوجوانوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں الزام لگایا ہے کہ اس کی بہن کا اغوا ان لوگوں نے کیا ہے۔ باغپت کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس سنجیو سمن نے بتایا کہ متاثرین کے بیانات کے مطابق پہلے وہ شادی کے سلسلے میں دہلی گئے تھے لیکن وہاں وکلاء نے ان کی مدد کرنے سے انکار کردیا اور انہیں مشورہ دیا کہ یوپی کے کسی شہر میں جاکر یہ کام آسانی سے کرایا جاسکتا ہے۔ ایک وکیل نے اپنے دوست وکیل کے حوالے سے انہیں باغپت بھیج دیا ۔ ہندو لڑکی اور تینوں مسلمان وکیل کے چیمبر میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک ہی ہندو پریشد کے کارکن وہاں آدھمکے اور ان پر ٹوٹ پڑے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لڑکی اور تینوں نوجوانوں کو برنالا پولیس کی ٹیم کے حوالے کردیاگیا ہے کیونکہ وہاں پر ان کیخلاف ایف آئی آر درج ہے۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق برنالا پولیس نے تینوں کو گرفتار کرلیاہے لیکن یہاں باغپت پولیس نے ہندو حملہ آوروں کیخلاف بھی قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے۔