Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اپنے حصے کا کام کررہا ہے، امریکہ اپنا کردار نبھائے، سیکریٹری خارجہ

اسلام آباد.... قائم مقام امریکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے دفتر خارجہ میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی جس میں صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے واضح کیا کہ افغان سر زمین کا پاکستان کے خلاف استعمال روکا جائے۔افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی ممکن بنائی جائے ۔پاکستان اپنے حصے کا کام کررہا ہے۔ امریکہ اپنا کردار نبھائے۔ پاکستان کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کوتسلیم کیا جائے۔ افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے ۔امریکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے افغانستان میں استحکام کیلئے امریکہ کے مزید اقدامات سے پاکستان کو آگاہ کردیا۔ قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ویلز کے ہمرا ہ امریکی سیکیورٹی کونسل کے اعلیٰ عہدیدار پاکستان میں موجود ہیں جو دوطرفہ تعلقات اور خطے میں تعاون کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ معمول کے مطابق تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام کے ہمرا ہ امریکی وزیر کا استقبال کیا جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اور باہمی احترام کے ساتھ اعتماد کی فضا کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک کے عہدیداروں کے درمیان گفتگو کے دوران ویلز کا کہنا تھا کہ امریکا کی افغانستان کے حوالے سے حکمت عملی کی کامیابی کے لیے ہمسائے اور خطے کے اہم ملک کی حیثیت سے پاکستان کا تعاون اہم نوعیت کا ہے۔ انھوں نے انسداد دہشت گردی کے خلاف کوششوں کے باہمی رابطے کو بہتر کرنے کے لیے انٹیلی جنس تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شیئر: