ٹی وی سے دیکھ کر یوگا کے آسن کرنے کی کوشش مت کریں
یو گا صحت مند طرز زندگی کے اصولوں میں سے ایک ہے . یہ جسمانی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ڈپریشن سے نجات دلانے اور ذہنی آسودگی فراہم کرنے کے لئے بھی اہم ہے . یوگا کے فوائد کی بنا پر بہت سے افراد اس کی مشقیں کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور یوگا کے آسن سے ناواقف ہونے کے باعث ٹی وی کو سامنے رکھ کر وہاں بتائے جانے والے طریقوں یا دکھائے جانے والی مشقوں کے مطابق یوگا کرنے کی کوشش کرتے ہیں . اس سے فائدے کے بجائے الٹا نقصان ہوتا ہے .یوگا کے لیے بہت زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے لہذا اس کے آسنوں پر عمل کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کسی استاد یا سکھانے والے کی رہنمائی حاصل کی جائے . ٹی وی سے دیکھ کر یوگا کے آسنوں کو نقل کرنے کی کوشش مسائل کا سبب بن سکتی ہے . ٹی وی سے یوگا پوز دیکھے تو جا سکتے ہیں لیکن اس بات کا اندازہ نہیں ہوپا تا کہ جسم کو کس حد تک لچک دینی ہے ، پھیلانا ہے یا سکیڑنا ہے ، کمرکوکس حد تک خم دینا ہے ، گردن کا جھکاؤ کتنی ڈگری تک ہونا چاہیے . ایسے میں یوگا صحت کے بجائے زحمت بن جاتا ہے . آپ اپنے مسائل کے حل کے لیے یوگا کو اہمیت دیں لیکن ساتھ ہی کسی ماہر یا استاد سے رہنمائی ضرور لے لیں .