سعودی عرب پاکستانیوں کےلئے ویزہ میں نرمی اور فیس میں کمی پر متفق
اسلام آباد..... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس خوش آئند ہے، اس سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو تقویت ملے گی، پاکستان ،سعودی عرب کے درمیان تعلقات نہ صرف پاکستانی حکومت کیلئے اہم ہیں بلکہ عوام سعودی عرب اور خادم حرمین شریفین کیلئے خصوصی احترام اور محبت کے جذبات رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات بدھ کو سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد عبداﷲ القصبی کی زیر قیادت ملنے والے 35رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔وفد نے صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کی ۔ پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے دوران کئے گئے اہم فیصلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پاکستان سے سعودی عرب کو حلال خوراک کی برآمد کیلئے ورکنگ گروپ کا قیام، ساﺅتھ نارتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر میں سعودی سرمایہ کاری، دوطرفہ تجارتی معاہدہ پر بات چیت تیز کرنے اور پارلیمانی وفود کا تبادلہ شامل ہیں۔ سعودی عرب کو پاکستانی افرادی قوت بھجوانے کے تناظر میں سعودی عرب نے پاکستان میں ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ اس کی انسانی وسائل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی کا ایک وفد آئندہ ہفتہ کے آغاز میں سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو بھی سعودی عرب میں مدعو کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی طرف سے پاکستانیوں کیلئے ویزہ میں نرمی اور ویزہ فیس میں کمی پر بھی اتفاق کیا گیا۔