ٹورانٹو بوٹ شو میں گلہری کی واٹر اسکائنگ
جمعرات 18 جنوری 2018 3:00
ٹورانٹو..... ہر سال کی طرح اس سال بھی کینیڈا کے اس شہر میں کشتیوں کی بین الاقوامی نمائش ہوئی جس میں کشتی رانی کے مقابلے ہوئے جسے لوگوں نے روایتی جوش و خروش سے دیکھا مگر موقع پر موجود افراد کی زیادہ تر توجہ ایک گلہری پر رہی جس نے بڑے پیشہ ورانہ انداز میں پانی پر اسکائنگ کرکے سب کو حیران کردیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نے لائف جیکٹ بھی پہن رکھا تھا۔ اسے پانی میں کھینچنے کیلئے مدد گار کے طور پر ایک کھلونا کشتی بھی آگے آگے چل رہی تھی اور گلہری کے اسکائنگ تختے کی ڈور اس کھلونا کشتی سے بندھی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ ٹوئیگی نامی یہ گلہری دنیا بھر میں مشہور ہے کیونکہ یہ جگہ جگہ اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہے۔ حد یہ ہے کہ اس نے ’’ڈاج بال‘‘ سمیت کئی فلموں میں کام کرچکی ہے۔ لوگوں کا کہناتھا کہ اکثر ایسے مناظر دیکھتے ہیں کہ کچھ لوگ اسکائنگ کررہے ہیں اور ان کے درمیان مسابقت کی دوڑ جاری ہے۔ مگر کسی گلہری کا اس طرح پوری تندہی سے اسکائنگ کرنا حیرت انگیز ضرور تھا۔ گلہری کو متوازن رکھنے کیلئے دوسری 2چھوٹی اسکیٹس سے مدد پہنچائی جارہی تھی۔ جنکا رنگ سفید تھا جبکہ گلہری نے سنترے کے رنگ کا جیکٹ پہن رکھا تھا۔ٹوئیگی حقیقت میں ان چار گلہریوں میں سے ایک ہے جسے واٹر اسکائنگ کی تربیت فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے دی ہے۔ اس قسم کی ایک گلہری کو اس جوڑے نے 1978ء میں پانی میں ڈوبنے سے اس وقت بچایا جب انکا گھونسلہ زوردار ہوائوں کی زد میں آکر اڑ گیا تھا۔ جوڑے کا کہناہے کہ انہیں اس ہوشیار گلہری کو تربیت دینے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس شو کا اصل مقصد یہ تھا کہ لوگو ںکو تیراکی سیکھنے پر راغب کیا جائے او رایسا کرتے وقت وہ حفاظتی جیکٹ ضرور پہنا کریں۔