کامیاب زندگی کے حصول کے لیے کن عادات کا اپنا نا ضروری ہے
جمعرات 18 جنوری 2018 3:00
کامیابی کی لگن ہر انسان میں ہوتی ہے . ہر شخص کامیابی کے لیے تگ و دو کرتا ہے . اپنی ناکامیوں سے سیکھتا دوسروں کے تجربے اور اپنے مستقبل کو سامنے رکھ کر اپنی راہیں متعین کرتا ہے . بیسویں صدی کے آغاز میں امریکی صحافی نپولین ہل نے تھنگ اور گرورچ کے نام سے کتاب لکھی جس میں انہوں نے کامیاب افراد کی طرز زندگی اور عادات کا احاطہ کیا ہے . اس کتاب کو سامنے رکھتے ہوئے اگر کامیاب افراد کی عادات کو زیر بحث لایا جائے گی تو درج ذیل باتیں ہمارے سامنے آتی ہیں .
کامیابی کے حصول کے لیے وسیع ترین مطالعہ سب سے اہم چیز ہے . کامیابی حاصل کرنے کے لیے مطالعے کو حرزِ جاں بنانا از حد ضروری ہے . ایسی کتب جو علم اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنیں انہیں اپنی زندگی میں جزولازم کی حیثیت دے کرہی کامیابی کے زینے پر قدم رکھا جا سکتا ہے . کامیاب افراد مثبت سوچ کے مالک ہوتے ہیں . وہ آس پاس کے افراد میں خامیاں تلاش کرنے ، ان کی کامیابیوں پر جلنے کڑھنے اور چیزوں کے منفی پہلوؤں پر توجہ دینے کے بجائے تعمیری سوچ کے حامل ہوتے ہیں . ایسے افراد اپنے اہداف متعین کرتے ہیں اور پھر ان کے حصول میں دل و جان سے کوشاں ہوجاتے ہیں . وہ مشکلات سے گھبرا کر ہمت نہیں ہارتے بلکہ ثابت قدمی سے اپنے اہداف کی جانب بڑھتے رہتے ہیں .وہ قلیل پر اکتفا نہیں کر لیتے بلکہ مزید اور بہتر کی طلب اور تلاش میں رہتے ہیں . آمدنی کے نئے ذرائع تلاش کرتے ہیں اور معیار زندگی کو بلند کرنے کی کوشش میں بھرپور تندہی کے ساتھ محنت کرتے ہیں . خود کو عقل کل نہیں سمجھتے . اپنی مرضی کے فیصلے لے کر انہیں دوسروں پر زبردستی مسلط نہیں کرتے بلکہ صلاح مشورے سے کام لیتے ہیں . دوسروں کے لیے بھی معاون و مددگار ثابت ہوتے ہیں اور آگے بڑھنے سے انکی مددکرتے ہیں . ہمیشہ عاجزی انکساری سے پیش آتے ہیں غرور اور گھمنڈ سے کام نہیں لیتے . اچھے دوست بناتے ہیں اور اچھے لوگوں کے ساتھ رہنا اور وقت گزارنا پسند کرتے ہیں . ہر کام وقت پر کرتے ہیں اور اپنے قیمتی وقت کو لایعنی اور غیر ضروری کاموں میں ضائع نہیں کرتے . چاق چوبند رہنے کے لیے روزانہ ورزش کرتے ہیں اور خود کو ذہنی و جسمانی طور پر چست و توانا رکھتے ہیں تاکہ اپنے کاموں کو بہترین انداز میں انجام دے سکیں .
