القدس کاز کیلئے مسلم اتحاد اور عالمی اتفاق پیدا کیا جائے، عالمی الازہر کانفرنس
جمعرات 18 جنوری 2018 3:00
قاہرہ(واس) الازہر یونیورسٹی کے زیر اہتمام القدس کاز کی حمایت کیلئے منعقدہ عالمی کانفرنس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ قبلہ اول کی خاطر دنیا بھر کے مسلم اداروں ، تنظیموں ، جماعتوں اور اقوام و ممالک کے درمیان اتحاد کی تحریک چلائی جائے ۔ القدس کے مبنی بر انصاف کاز کی حمایت حاصل کرنے کیلئے دنیا بھر کے انصاف پسند ممالک ، اقوام اور اداروں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ الازہر نے القدس کانفرنس کا اہتمام حکماء المسلمین کونسل کے تعاون سے کیا۔ اسلامی تنظیم برائے تربیت و سائنس و ثقافت (ایسسیکو) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز التویجری نے کہا کہ ہمیں القدس کے تشخص کو مٹانے کی ہر کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ القدس کاز کی آگہی پیدا کرنا ہوگی۔ کنگ عبداللہ مکالمہ سینٹر کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر فیصل بن معمر نے تجویز کیا کہ مغربی دنیا سے مکالمہ کرکے القدس کی بابت نقطہ ہائے نظر اور تصورات میں یگانگت پیدا کرنے کا اہتمام کیا جائے۔ مغربی دنیا کو اس کے قوانین اور اقدار کی زبان میں مخاطب کیا جائے۔ مسئلہ فلسطین کیلئے یورپی پریشر گروپ قائم کیا جائے اس سلسلے میں اسرائیل کے تجربے سے استفادہ کیا جائے۔ انصاف پسند مذہبی اداروں کو مسئلہ فلسطین کی حمایت پر آمادہ کیا جائے۔ الازہر کے سیکریٹری ڈاکٹر عباس شومان نے کہا کہ شیخ الازہر نے یونیورسٹی کورس میں القدس کامضمون شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کا امریکی فیصلہ ہمارے حق ہی میں گیا۔ امریکیوں کو یہ توقع نہیں تھی کہ اس کا مذکورہ فیصلہ مسئلہ فلسطین کے احیاء کا باعث بن جائے گا۔ کانفرنس سے سوڈان کے سابق وزیر خارجہ ڈاکٹر مصطفی اسماعیل ، لبنان کی اسکالر خاتون ڈاکٹر فادیا کیوان ، مصر کے سابق وزیر ڈاکٹر مفید شہاب ، انسانی حقوق کے جنیوا سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادریس الجزائری اور ابلاغی سپریم کونسل کے سربراہ مکرم محمد احمد نے بھی تقاریر کیں۔