حیدرآباد - - - - - مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اوررکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے متنازع ہندی فلم پدماوت کو بکواس قرار دیا ہے اور مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس فلم کو نہ دیکھیں ۔انہوں نے تحفظ شریعت جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں خاص طور سے نوجوانوں کو پدما وت جیسی منحوس اور غلیظ فلم سے دور رہنا چاہئے اور اس کو دیکھ کر اپنے 2گھنٹے برباد نہیں کرنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کو دیکھنا وقت اور پیسے کی بربادی کے سوا کچھ نہیں ۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ پدماوت کو دیکھنے کیلئے اپنے قیمتی 2گھنٹے ضائع نہ کریں بلکہ اس مدت میں اچھے کام انجام دئیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلم نوجوانوں کو اس طرح کی بکواس فلم دیکھنے کیلئے پیدا نہیں کیا بلکہ اچھی زندگی کیلئے اور اس زندگی کو اچھے کاموں کیلئے پیدا کیا ہے جس سے وہ صدیوں تک یاد رکھے جا سکتے ہیں ۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مسلمانوں کو ان راجپوتوں سے سبق سیکھنا چاہئے جو اپنی رانی کی حمایت میں کھڑے ہو گئے ہیں اور متحد ہو کر اس فلم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ۔اویسی نے کہا کہ راجپوت برادری ہمیں آئینہ دکھا رہی ہے ۔ وہ اس معاملے پر ان کے ساتھ ہیں اور نہیں چاہتے کہ یہ بکواس فلم دکھائی جائے ۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ مسلمان اپنے شرعی اور سماجی معاملات میں منقسم ہو جاتے ہیں جبکہ ان کو بھی اپنے شرعی معاملات کیلئے اسی طرح کے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے جیسے آج راجپوت برادری پدماوت فلم کی نمائش روکنے کیلئے متحد ہو چکی ہے۔انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے فلم پر نظر ثانی کیلئے 12رکنی پینل تشکیل دیا تھا جس نے اسکے متعدد مناظر حذف کرادئیے ۔ رانی پدماوتی کی کہانی ایک شاعرملک محمد جائیسی نے 1540میں لکھی تھی لیکن اس کا کوئی تاریخی ثبوت نہیں ۔ اس کے باوجود ناول کو بنیادبناکر فلم کو دکھانے کیلئے حکومت کافی دلچسپی دکھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بات مسلم قانون ’’طلاق ثلاثہ‘‘ کی آتی ہے تو وزیراعظم مسلمان لیڈروں سے کوئی صلاح مشورہ بھی نہیں کرتے ۔