اسلام آباد... سپریم کورٹ نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ملوث ایس ایس پی راو انوار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیدیا۔ ازخود نوٹس کو سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں3رکنی بنچ بدھ کو سماعت کرے گا ۔عدالت نے ایس ایس پی راو انوار کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل اور آئی جی سندھ کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ راونوار کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہو رہے۔ ماضی میں جب پیپلز پارٹی کی حکومت گری تو اس کی ایک وجہ ماورائے عدالت قتل بھی تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے ذرائع نے راو انورکے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنانے کا دعوی کیا تھا تاہم راو انوار نے اس کی تردید کی ہے۔ دریں اثناء قبائلی جرگہ منگل کو قتل کا مقدمہ راو انور اور پولیس پارٹی کے خلاف درج کرائے گا۔