تبوک میں برفباری ، اسکیٹنگ شروع
تبوک.... تبوک میں اللوز کوہستانی علاقے میں برفباری نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ شائقین بچوں کے ہمراہ اسکیٹنگ کرنے لگے۔ نوجوان کثیر تعداد میں اللوز کوہستانی علاقے میں پہنچنے لگے۔ اللوز جانے والے راستوں پر جمعہ کو زبردست بھیڑ دیکھی گئی۔ علقان اور اللوز تحصیلوں میں برفباری نے سیر وتفریح کا ایسا موقع فراہم کیا جس کا پورے سال انتظار تھا۔ محکمہ ٹریفک اور ہلال احمر نیز شہری دفاع اور سرحدی محافظ بھی سلامتی اقدامات کیلئے جگہ جگہ نظر آئے۔ اس سے قبل ماہر موسمیات محمد التمیمی نے توقع ظاہر کی تھی کہ کل ہفتے سے سردی کی زیادہ تیز لہرشروع ہوگی۔موصولہ رپورٹوں سے پتہ چلا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ہی سے سردی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔التمیمی نے بتایا کہ سردی کی نئی لہر سے آئندہ ہفتے پورا علاقہ متاثر ہوگا۔ گزشتہ لہر کے مقابلے میں اسکا دائرہ زیادہ ہوگا۔