لاہور ... وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا۔ زینب قتل کیس کی تفتیش میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضے ہر صورت پورے کئے جائیں گے۔ کسی کو شفاف اور بے لاگ تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ قتل کیس کی تفتیش کے دوران حقائق کو مسخ کرنا ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ ابہام پیدا کرنے کی کوشش کرکے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ۔ غلط بیانی اور بے بنیاد دستاویزات کے ذریعے ہیجان اور ابہام پیدا کرنا قومی تقاضوں کے خلاف ہے۔ پنجاب حکومت نے انصاف کے منافی کوئی کام کیا نہ آئندہ کسی کو کرنے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون کے تحت انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی ۔ انصاف کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔