کویت : پاکستانی بینکنگ اور فنانس پروفیشنلز تنظیم کا تیسرا سالانہ اجلاس و جنرل باڈی الیکشن
تنظیم کیلئے آئین سازی ہماری نمایاں کامیابی رہی ، سابق صدر محمد ثاقب ، درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے آپکا تعاون ضروری ہو گا ، نومنتخب صدر محمد طاہر
*****
محمد عرفان شفیق۔ کویت
کویت میں پاکستانی بینکنگ اور فنانس پروفیشنلز کے زیر اہتمام تیسرا سالانہ اجلاس اور جنرل باڈی الیکشن کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام میں تنظیم کے ممبران، سابق اور منتخب شدہ ایگزیکٹو ممبران اور الیکشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔مسرور صدیقی نے الیکشن آفیسر کی ذمہ داریاں نبھائیں اور تمام ارکان کے بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ نئے منتخب ارکان میں محمد طاہر بشیر صدر، محمد شمعون چوہدری نائب صدر، محمد کاشف یوسف جنرل سیکریٹری، احسان اشرف فنانس، مسعود خالد ایگزیکٹو ممبر بینکنگ سیکٹر ،اعجاز احمد اعجاز ایگزیکٹو ممبر کارپوریٹ سیکٹر، منصور صدیقی ایگزیکٹو ممبرآڈٹ سیکٹر، محمد طارق مرزا ایگزیکٹو ممبرانویسٹمنٹ سیکٹرشامل ہیں۔سابق صدر محمد ثاقب آفتاب نے 45 ماہ کی کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے تنظیم کے آئین کی منظوری کو نمایاں کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورم کو قابل عمل ایجنڈے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نئے منتخب صدر محمد طاہر بشیر کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمنائوں کا اظہا ر کرتے ہوئے مستقبل میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔محمد طاہر بشیر نے بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر تمام احباب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیلے ہی تنظیم کو درپیش چیلنجوں کے ساتھ آگے لیکر چلناممکن نہ ہو گا لیکن آپ سب کے تعاون سے تنظیم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائیگی۔انہوں نے سابق صدر کا خصوصی شکریہ ادا کیاجن کی خصوصی کاوشوں سے تنظیم کا آئین مرتب کیا گیا جس میں تمام ممبران کے قواعد و ضوابط کونہایت موثر انداز میں درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قول و عمل سے پاکستانیوں کا عمومی اور تنظیم کا خصوصی طور پر مثبت امیج پیش کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ انہوں نے خصوصی طور پر سابق ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نئی منتخب ٹیم اپنے کام کو بہتر طور پر سر انجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں تمام ممبران مل جل کر کام کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر مسرور صدیقی نے مملکت پاکستان کے لیے خصوصی دعا کرائی ۔