ماسائی مارا ، کینیا ..... کہتے ہیں کہ کسی بھی واقعہ میں اگر دو فریق شامل ہوجائیں تو دونوں کی مرادوں کا بر آنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔ایک کیلئے جو چیز اچھی ہوسکتی ہے دوسرے کیلئے وہ اتنی ہی خراب اور نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں اس وقت دیکھنے میں آیا جب ماسائی مارا پارک کے اندر سے گزرنے والی ندی میں ایک بھاری بھرکم مگر مچھ کافی دیر سے کسی ایسے شکار کی تاک میں پانی میں چھپا بیٹھا تھا جس سے اس کے تن و توش کے مطابق شکم سیری ہوسکے۔ اتفاق سے اسی وقت کچھ جنگلی جانور جو غالباً جنگلی گایوں کی نسل سے تعلق رکھتے تھے ندی سے گزرنے لگے اور مگر مچھ کی مراد بر آئی۔ اس نے فوری طور پر پانی سے منہ باہر نکالا او رمسکین جانور پر حملہ کردیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ماسائی مارا پارک کی سیر کو آئے برطانوی فوٹو گرافر بھی موقع پر موجود تھے اور انہوں نے کوئی موقع ضائع کئے بغیر اس کی تصویر اتار لی۔ وڈیو بھی تیار کی جو نیٹ پر مقبول ہورہی ہے۔ انہوں نے اس موقع کی متعدد تصاویر اتاریں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ حملہ آور مگر مچھ تقریباً 500پاﺅنڈ وزنی ہوگا اور وہ کافی دیر سے ان جانوروں کے قریب آنے کے انتظار میں اپنی آنکھیں میچے ہوئے پانی میں لیٹا تھا۔ کچھ ہی دیر میں حالات سے بے خبر جانور جب پاس سے گزرے تو اس نے بیحد جارحانہ انداز میں ان پر حملہ کردیا اور گھسیٹتے ہوئے انہیں پانی میں لے گیا۔ مگر مچھ کی گرفت میں آنے کے بعد اس جانور نے اپنی جان بچانے کی مقدور بھر کوشش کی مگر کوئی کوشش کارگر ثابت نہیں ہوسکی او رمگر مچھ اسے لیکر گہرے پانی میں چلا گیا جہاں پیٹ بھر کر کھانے کی خواہش پوری ہوگئی۔ 50سالہ فوٹو گرافر ایڈریان برطانوی نژاد ہیں مگر ان دنوں جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں رہتے ہیں اور وائلڈ لائف انکا خاص موضوع ہے تاہم انکا کہناہے کہ انہوں نے آج تک کسی جانور کو مگر مچھ کی اتنی بے رحمی کا شکار ہوتے نہیں دیکھا۔ وڈیو بھی اجراءکے فوری بعد وائرل ہوچکی ہے۔