Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین کو خارجی ڈرائیونگ لائسنس پیش کرکے سعودی لائسنس حاصل کرنے کی اجازت

ریاض.... سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ خواتین خارجی ڈرائیونگ لائسنس پیش کرکے سعودی لائسنس حاصل کرسکتی ہیں۔ محکمہ ٹریفک 10 شوال سے قبل منظور شدہ ڈرائیونگ لائسنس دکھا کرسعودی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لئے مملکت بھر میں خصوصی مراکز قائم کریگا۔ محکمے نے اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ شاہی ہدایات کے مطابق خواتین کو 10شوال کے بعد ہی ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جاسکیں گے۔ اس سے کافی پہلے مملکت بھر میں جگہ جگہ مرکز کھولے جائیں گے جہاں سے خواتین غیر ممالک سے حاصل کردہ وہ ڈرائیونگ لائسنس پیش کرکے سعودی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گی جنہیں سعودی عرب میں موثر مانا جاتا ہے۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق ایسی خواتین کثیر تعدا د میں ہیں جنہوں نے یورپی ممالک یا امریکہ میں تعلیم یا قیام کے دوران ڈرائیونگ لائسنس حاصل کررکھے ہیں۔ غیر ملکی خواتین میں بھی ایسی ہزاروں کی تعداد میں ہیں جو اپنے یہاں گاڑیاں چلاتی رہی ہیں او راپنے ممالک کے ٹریفک محکموں سے لائسنس حاصل کئے ہوئے ہیں۔ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکے شاہی فرمان کے بعد سیکڑوں خواتین نے بحرین، متحدہ عرب امارات اور کویت جاکر ڈرائیونگ سیکھ کر وہاں کے لائسنس حاصل کرلئے ہیں۔ ماہرین اقتصاد کا کہنا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکی بدولت مملکت کو سالانہ 14 ارب ریال کی بچت ہوگی۔ سعودی عرب میں 8لاکھ نجی ڈرائیور مقامی خاندانوں کے یہاں کام کررہے ہیں۔ 2016ءکے دوران ان پر 14ارب ریال خرچ ہوئے۔ ان اخراجات میں ڈرائیور کی درآمد ، انشورنس ، علاج، رہائش اور تنخواہ سمیت جملہ اخراجات شامل ہیں۔

شیئر: