ہمنوا نے انتہائی منظم انداز میں کارنیوال منعقد کیا، خان ہشام بن صدیق
ریاض (جاوید اقبال)سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ تارکین کے زیر اہتمام میلے نہ صرف وطن کی ثقافت کے آئینہ دار ہوتے ہیں بلکہ کمیونٹی میں یکجہتی پیدا کرنے میں بھی معاون بنتے ہیں۔ وہ پاکستانی خواتین کی تنظیم ہمنوا کے زیر اہتمام سفارتخانے میں منعقدہ کارنیوال میں مختلف اسٹالوں کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کااظہار کیا کہ پاکستانی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اسٹالوں پر پاکستانی ساختہ اشیاءکی نمائش ، وطن کی صنعت و حرفت کی عکاس تھی۔ انکے ہمراہ بیگم سفیر تہمینہ ہشام نے جو ہمنواتنظیم کی سرپرست اعلیٰ بھی ہیں، نے اس بات کو سراہا کہ میلہ انتہائی منظم انداز میں منعقد کیا گیا۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ اس طرح کی تقریبات مسلسل ہوں۔ انہوں نے تنظیم کی عہدیداروں اور ارکان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اردونیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ہمنوا کی سیکریٹری جنرل شمائلہ شہباز نے بتایا ہے کہ تقریباً2ہزار زائرین میلے میں آئے تھے۔55اسٹالوں پر پاکستانی ملبوسات، زیورات ، قالینوں، سامان آرائش منقش و کندہ کاری والے پیتل کے برتنوں اور بچوں کے لئے تہنیتی کارڈز کی بھی نمائش کی گئی تھی۔ مختلف کمپنیو ںنے تحائف بھی دیئے تھے جن میں 9عمرے، 2مدینہ منورہ اور 3 پاکستان کیلئے ہوائی جہاز کے ٹکٹ بھی شامل تھے۔ ٹکٹ قرعہ اندازی سے تقسیم کئے گئے۔ بچوں کیلئے جھولوں اور دیگر کھیلوں کا بھی انتظام تھا۔