سرفرازاحمدکو قیادت سے ہٹانے کی سازش ہورہی ہے،معین خان
کراچی:پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان ، کوچ اور مینجر معین خان نے خبر دار کیا ہے کہ بعض عناصر نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کو بہانہ بنا کر سرفرازاحمدکو قیادت سے ہٹانے کی سازش کررہے ہیں ۔کرکٹ بورڈ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرے تاکہ مذموم مقاصد ناکام بنائے جاسکے اور ٹیم انتشار سے محفوظ رہے۔ معین خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چیمپئینز ٹرافی کا فاتح بنانے والے سرفرازاحمد کی صلاحیتوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے مگر نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریزمیں شکست پربعض عناصر نے اپنے مذموم مقاصد کے تحت ان کیخلاف محاذ کھڑا کر دیا اور ایسے لوگوں کو نیوز ی لینڈ کیخلاف ٹی ٹو ئنٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی فتح بھی نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد بکھری ہوئی ٹیم کو قدموں پر کھڑا کر کے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی اور نمبر پوزیشن دلانے کا سہرا بھی کریڈٹ سرفراز احمد کے سرہے۔سابق کوچ نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ صورتحال کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے ان معاملات کا فوری نوٹس لے اور سرفراز کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا واضح اعلان کرے اس طرح ہر قسم کی قیاس آرائیوں کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا۔سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ چند افراد ایک سیریزکی ناکامی کواپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور نوجوان فاسٹ بولر حسن علی کے ساتھ تنازع کو بھی اچھالنے کی کوشش اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ سرفراز احمدکوبھرپوراعتماد دیا جائے کیونکہ کپتان روز روز نہیں بنا کرتے۔ انہوں نے ہیڈکوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی کہا کہ وہ سرفرازاحمد کی مکمل تائید و حمایت کریں اور کسی نوجوان کھلاڑی یا کھلاڑیوںکو کپتان کے خلاف کسی کا آلہ کار بننے کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔ حسن علی نے میچ کے دوران جو کچھ کیا اس کی سرزنش بھی ضروری ہے کیونکہ اس سے ٹیم کا ڈسپلن خراب ہوتا ہے۔