کیپ ٹاؤن .... جنوبی افریقہ کا مشہور شکاری جس نے شکاری کے طور پر بے شمار جانوروں کو ہلاک کیا اور لوگوں کا تو یہاں تک کہناہے کہ دنیا میں شایدہی کوئی ایسا جانور بچا ہوگا جس کا شکار پیرو جیلنک نامی اس شکاری نے نہ کیا ہو۔ مگر تماشا یہ ہوا کہ وہ جنوبی افریقہ کے ہی ایک علاقے میں شیرو ںکے شکار پر نکلا ۔ ایک دو شیروں کاشکار بھی کیا اور اب کسی دوسرے کا نشانہ لے ہی رہا تھا کہ کہیں سے اڑتی ہوئی ایک گولی اسے آلگی اور وہ ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے 75سالہ شکاری کی ڈرامائی ہلاکت کے بارے میں چھان بین شروع کردی ہے تاہم اسکا کہناہے کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گولی کہاں سے آکر اسے لگی اور فائرنگ کس نے کی تھی۔ واضح ہو کہ پیرو بہت مشہور شکاری تھا اوردنیا اسکے نشانے کی داد دیتی تھی۔ اسے جانوروں کے شکار کے ایک بین الاقوامی مقابلے میں جو کروشیا میں منعقد ہوا تھا ایک ٹرافی بھی ملی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ پیرو حقیقتاً جنوبی افریقی نہیں یورپ کے کسی ملک سے تعلق رکھتا تھا مگر شکار کے چکر میں وہ دنیا بھر میں گھومتا رہتا تھا اسلئے ہر جگہ کے لوگ اسے اپنا سمجھتے تھے اور یہی حال جنوبی افریقہ کے لوگوں کا بھی تھا۔اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ نے اسکی موت کو شکار کی دنیا کا بڑا سانحہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس نسل کے شکاری شاید ہی اب دیکھے جائیں۔ آنجہانی شکاری 75سال کی عمر میں جس قسم کی تیز بصارت ، کبھی خطا نہ ہونے والے نشانے اور اپنی زبردست چستی اورچالاکی کا مظاہرہ کرتے تھے۔ وہ نوجوان شکاریوں کیلئے بھی بہت مشکل ہے۔