نیروبی .... کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے نیشنل پارک میں اتاری گئی یہ تصویر کو لوگ بیحد دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔ جس میں ایک شیر اور ایک کچھوے کو دکھایا گیا ہے۔ دونوں ہی پارک کے اندر بنی کچی سڑک سے مخالف سمت سے کہیں آتے جاتے نظر آتے ہیں مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ شیر قریب سے گزرنے والے کچھوے کو دیکھ کر بڑی دیر تک حیرانی میں مبتلا ساکت بنا بیٹھا رہا اور کچھوا اپنے انتہائی چھوٹے قد و قامت کے باوجود اس خطرناک جانور کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بیحد اطمینان سے اپنی رفتار کے ساتھ آہستہ آہستہ آگے بڑھ گیا۔ اس موقع پر پارک کی سیر کو آئے ہوئے لوگوں نے جن میں سے بیشتر نے اپنی اپنی گاڑیوں کے اندر بیٹھ کر شیشے سے دلچسپ منظر خاموشی سے دیکھا اور خوشی و حیرانی کا اظہارکیا۔ ایک لمحے کو تو ایسا لگا کہ بچو ں کی مشہور کہانی کی کتاب ٹرٹائیز اینڈ ہیئر(کچھوا اور خرگوش) یا کوئی دوسرا انیکمنٹ دیکھ رہے ہیں۔جاری ہونے والی وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ جب تک کچھوے نے شیر کو دیکھا نہیں تھا وہ پوری طرح اپنی بساط بھر اپنا سینہ چوڑا کئے آگے بڑھ رہا تھا۔ مگر جیسے ہی اس نے قریب پہنچ کر شیر کو دیکھا توعقلمندی کا تقاضا یہی تھا کہ وہ جان بچانے کی ترکیب کرتا چنانچہ اس نے خود کو سکیڑ لیا۔ شیر کی سمجھ میں نہیں آیا کہ آخر وہ اس جانور کو کیا سمجھے اور اس کے ساتھ کیا سلوک کرے۔ آخر بور ہوکر شیر جمائی لیتا ہوا دیکھا گیا۔ شیر بھی جس کے گلے میں خاص پٹا پارک والوں نے ڈال رکھا تھا۔ اسے کوئی نقصان پہنچائے بغیر آگے بڑھ گیا۔ مقامی انتظامیہ نے پارک کے تمام شیرو ںکے گلے میں ایسے پٹے گزشتہ سال ہی ڈالے ہیں۔