کراچی...ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فارو ق ستار مان گئے ۔عامر خان کی قیادت میں رابطہ کمیٹی کے ارکان نے پی آئی بی کالونی میں فاروق ستار سے ملاقات کی بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بھائیوں کا معاملہ ہے ،بھائیوں میں ہی حل ہوگا۔ رابطہ کمیٹی برقرار ہے ، جنرل ورکرز کا اجلاس ملتوری کردیا۔مل کرکوئی راستہ نکالیں گے۔ ہمیں یکجہتی کو برقرار رکھنا ہو گا کسی کو موقع نہیں دینا کہ کوئی ہم پر ہنسے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ ہوں تو پھر دل سے احترام ہونا چاہئیے۔ اس سے قبل رابطہ کمیٹی کا 3 رکنی وفد ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو منانے میں ناکام رہا تھا۔فاروق ستار نے وفد کے سامنے اپنی شرائط رکھ دی تھیں۔ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کی جانب سے عبدالرﺅف صدیقی، سردار احمد اور جاوید حنیف پر مشتمل 3 رکنی وفد نے پارٹی سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو منانے کی کوشش کی لیکن وہ فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کا جنرل ورکر کنونشن کا اجلاس ختم کرنے پر رضامند نہ کرسکے۔ ذرائع کے مطابق وفد نے فاروق ستار سے ملاقات کرکے جنرل ورکرز اجلاس کی منسوخی اور فاروق ستار کی بہادر آباد آکر اجلاس کی صدارت کرنے کی شرط رکھی تھی۔ انہوں نے ناراضی ختم کرنے کے لئے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو مجھ سے ملنا ہے تو پی آئی بی آجائے۔ فاروق ستار نے تجویز پیش کی کہ جنرل ورکرزاجلاس میں سب آجائیں۔ جنرل ورکرزاجلاس ہی میں فیصلہ ہوگا، کون صحیح اورکون غلط۔بعد ازاں رﺅف صدیقی نے کہا کہ امید اچھی ہے، معاملات جلد حل ہوجائیں گے ۔فاروق ستار کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔