Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاسی مشکلات کے باوجود کارکردگی اچھی ہے ،شاہد خاقان

اسلام آباد ... وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے قومی شناختی ڈیٹا کو بروئے کار لانے کا منصوبہ ہے۔ ٹیکس چوری روکنے، پراپرٹی کی درست ویلیوایشن کی حوصلہ افزائی، انفرادی ٹیکس کی شرح میں کمی اور ایمنسٹی پروگرام جیسے پروگرام موجود ہیں۔ بلوم برگ کو انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہاکہ اس معاملے پر کثیر الجہتی حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیسے بنائے جا سکتے ہیں لیکن اخراجات کو نہیں چھپایا جاسکتا۔ یوٹیلٹی بلز، بیرونی سفرکی تفصیلات اور کریڈٹ کارڈ کے اخراجات سے تمام صورتحال سامنے آجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پروگرام کے تحت پاکستانیوں کو 10فیصد کی بجائے 3 فیصد فیس کی ادائیگی سے اپنی دولت کو ظاہر کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ اس کے علاوہ حکومت ٹیکسوں سے بچنے کے لئے پراپرٹی کے شعبہ میں ہونے والی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کے لئے پراپرٹی کی ویلیو ایشن نظام کو بہتر بنائے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ5 سال قبل پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 3 فیصد سے کم تھی جو اب 5 فیصد کے قریب ہے۔ آئندہ مالی سال میں 6 فیصد سے زیادہ کی شرح نمو حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مشکلات اور عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
 

شیئر: