ریاض۔۔۔ہندوستان میں جامعہ سلفیہ اور جامعہ ابوہریرہ الاسلامیہ نے حرمین شریفین کو بین الاقوامی انتظامیہ میں دینے کا مطالبہ کرنے والوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ مسلمانوں کے ترجمان نہیں۔دونوں معروف درسگاہوں نے الگ الگ اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ سعودی عرب خود مختار ریاست ہے۔ اس کی قیادت بصیرت اور فراست کی مالک ہے۔ سعودی عرب نے حرمین شریفین کے تحفظ ، زائرین کیلئے روحانی فضا کی فراہمی ، حجاج اور معتمرین کیلئے امن و امان مہیا کرنے کیلئے جو کچھ کیا ہے اس کی نظیر اسلامی تاریخ میں نہیں ملتی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش پوری امت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ دونوں اداروں نے دنیا بھر میں موجود مسلمانوں اور اقوام و ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتہا پسندانہ مطالبات کرنیوالوں کا بائیکاٹ کریں۔