ڈھاکا ٹیسٹ: بنگالی ٹائیگرز لڑکھڑا گئے، سری لنکن کی پوزیشن مستحکم
ڈھاکا:بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن بھی 14وکٹیں گریں اور پورا دن بولرز چھائے رہے، سری لنکن ٹیم312رنز کی برتری کے ساتھ میچ پرگرفت مضبوط کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے جبکہ بقیہ 2وکٹوں کے سہارے اسکور مزید بڑھنے کی توقع ہے۔میزبان بنگلہ دیش ٹیم پہلی اننگز میں110رنز پرہمت ہار کر 112رنز کے خسارے میں چلی گئی تھی۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 200رنز بنا لئے ہیں۔ روشن سلوا58اور سورنگا لکمل7رنز پر کھیل رہے ہیں۔قبل ازیں بنگالی ٹائیگرز56رنز 4کھلاڑی آوٹ پر نائٹ واچ مین مہدی حسن اور لٹن داس بالترتیب 5اور24رنز پر کھیلنے آئے۔کپتان محمود اللہ نے 17 رنزبنا کر مہدی حسن کا ساتھ دیا لیکن ان کے آوٹ ہو نے کے بعد بقیہ 5 وکٹیں اسکور میں صرف3رنز کا اضافہ کرتے ہوئے گرتی چلی گئیں۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 45.4اوورز میں110رنز پر آوٹ ہوگئی ۔ سری لنکا کو112رنز کی برتری مل گئی۔ دوسری اننگز کے دوران سری لنکا کے بیٹسمین بھی مشکلات سے دوچار نظر آئے۔اوپنرز پھر کوئی بڑی شراکت نہ فراہم کرسکے اور 19کے اسکور پر پہلی وکٹ گر گئی جب کوشل مینڈس کو عبد الرزاق نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔انہوں نے7رنزاسکور کئے ۔ اس کے بعد دیموتھ کرونا رتنے اور دھننجایا ڈی سلوا میں 34رنز کی شراکت ہوئی، کرونا رتنے نے گوناتھیلاکا کے ساتھ بھی 27رنز جوڑے، ڈی سلوا نے 28اورتھیلاکا نے17رنز کا حصہ ڈالا۔ان کے بعد کرونا رتنے بھی32رنز بنا کر لوٹ گئے اس وقت مجوعی اسکور4وکٹوں پر92رنز تھا ۔ روشن سلوا نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ کی اور کپتان چندی مل کے علاوہ نیروشان ڈکویلا کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی اور با لترتیب 51اور27رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے ۔چندی مل نے30اورڈکویلانے 10 رنز اسکور کئے۔ روشن سلوا نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔وہ58اورسورنگا لکمل7رنز پر کھیل رہے تھے کہ دوسرے دن کا کھیل اختتام کو پہنچ گیا ۔ سری لنکن ٹیم200/رنز بنا کر مجموعی طور312رنز کی برتری کے ساتھ بہت اچھی پوزیشن میں آچکی ہے۔بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے3 ، تیج الاسلام اور مہدی حسن نے2،2 جبکہ عبدالرزاق نے ایک وکٹ لی۔