کراچی ...ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ پاک سر زمین پارٹی سے دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہوگئے۔ سلمان مجاہد بلوچ نے ہفتے کو پی آئی بی کالونی میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سے ملاقات کی اور دوبارہ پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں مائنس ون کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مشکل وقت میں فارورق ستار کا ساتھ دینے آیا ہوں۔ چند منافقین نہیں چاہتے کہ فاروق ستار مہاجروں کی رہنمائی کریں۔ عامر خان نے مجھے فاروق ستار کے خلاف اکسایا۔فاروق ستار اور کامران ٹیسوری کے خلاف بولنے کے لئے کہا ۔عامر خان مفاد پرست، منافق اور سازشی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عامر خان جب تک سازش نہ کرے اسے نیند نہیں آتی۔ عامر خان کی وجہ سے ایم کیو ایم کو داو پر نہیں لگا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں جھگڑا پارٹی کی سربراہی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انیس قائم خانی کا احترام تھا اور رہے گا۔ انہیں بھی دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔بہادر آباد والے بھی عامر خان سے جان چھڑا کر پی آئی بی آجائیں۔