کرکٹ آن آئس سیریز آفریدی رائلز نے0-2سے جیت لی
سینٹ مورٹز:سوئٹزرلینڈ کے علاقے سوئس ایلپس میں برفانی میدان میں ”کرکٹ آن آئس“ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی شاہدآفریدی کی ٹیم رائلز نے ویریندر سہواگ کی ٹیم ڈائمنڈ کو ہرادیا۔ رائلز نے 8وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز 0-2سے جیت لی ۔دوسرے میچ میں ڈائمنڈز کے کپتان ویریندر سہواگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر آغاز اچھا نہ رہا ، 15 رنز پر 2 وکٹیں گرگئیں۔ دونوں وکٹیں آل راونڈر عبدالرزاق نے حاصل کیں۔ویریندر سہواگ نے 46 رنز بنائے اور گرانٹ ایلیٹ کا شکار ہو گئے۔ مائیک ہسی،ڈینئیل ویٹوری کی گیند پر 18 رنز بناکرمیدان چھوڑگئے تو 91 رنز پر ڈائمنڈزکی 4 وکٹیں گرچکی تھیں۔ اس موقع پر محمد کیف اور اینڈریو سائمنڈز کے درمیان شراکت نے اسکور کو 205 رنز پہنچادیا۔ کیف نے 57 رنزبنائے ،سائمنڈز 67 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔رائلز کے عبد الرزاق نے3 جبکہ ایلیٹ اور ویٹوری نے ایک، ایک کھلاڑی کوآوٹ کیا۔ رائلز کے بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ نے ہدف کے حصول کو آسان بنادیا اور صرف2وکٹوں کے نقصان پر17ویں اوور میں رائلز نے میچ جیت لیا۔ جیک کیلس 90، گریم اسمتھ 58 اور اویس عالم شاہ 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جیک کیلس میچ اور پاکستان نژاد انگلینڈ کے بلے باز اویس عالم شاہ نے گزشتہ میچ میں 74رنز کی اننگز کھیلی تھی، اویس شاہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔