حیدرآباد- - - - - -رکن عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا سید سلمان حسینی ندوی انتہائی سخت رخ اختیار کرتے ہوئے اپنے موقف کی وضاحت کی اور یہ واضح کردیا کہ رام جنم بھومی - بابری مسجد مسئلہ پر وہ اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بابری مسجد کے انہدام کے بعد سے اب تک وہاں پر چونکہ مندر موجود ہے اس لئے دوسرے مقام پر مسجد کے لئے اراضی اختیار کرلینا مناسب اقدام ہے، جہاں پر یونیورسٹی کی تعمیر بھی عمل میں لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں ان کو اظہار خیال کا موقع نہیں دیا گیا۔ حیرت انگیز طور پر مولانا نے بورڈ پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ میں آمریت چل رہی ہے اور بعض افراد کا بورڈ پر کنٹرول ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں حیدرآباد کے اجلاس میں اظہار خیال کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایودھیا میں آرٹ آف لیونگ کے بانی سری سری روی شنکر سے ملاقات کریں گے۔ رام جنم بھومی - بابری مسجد کے عدالتی فیصلہ کے مسئلہ پر ندوی نے کہا کہ بعض لوگ خونریزی کی مسلمانوں کو دھمکی دے رہے ہیں۔