اسلام آباد...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے معلوم نہیں کہ انتقام کیوں لیا جارہا ہے ۔ احتساب کے نام پر انتقام کا جواب کل لودھراں کے عوام نے دے دیا۔ لودھراں کے عوام نے مجھ سے جو محبت کا اظہار کیا ہے میں ذاتی طور پر جا کر ان کا شکریہ ادا کروں گا۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا مقدمہ عوام لڑ رہے ہیں اور آئندہ بھی لڑیں گے۔ عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ووٹ کے تقدس کی مثالیں دیکھ رہے ہیں کل لودھراں میں اس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔انہوں نے کہاکہ جو انتقام لے رہے ہیں وہ ان سے بھی پوچھ گچھ کریں جنہوں نے2 مرتبہ آئین توڑا اور ججوںکو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے نیب سے ریفرنسز بنوائے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو کسی نہ کسی طرح سزا ہوجائے۔ مجھے سزا دینے کے لیے ضمنی ریفرنس تیار کئے جارہے ہیں۔بعد ازاں پنجاب ہاوس اسلام آباد میں سابق وزیراعظم سے پارٹی رہنماوں اور کارکنان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ عوام اب خود انصاف کر رہے ہیں۔ سازشوں کا جواب عوامی عدالت سے آ رہا ہے۔