سہ ملکی سیریز:نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 12 رنز سے شکست دیدی
ویلنگٹن:ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبرکی ٹیم نیوزی لینڈ نے3ملکی سیریز کے دلچسپ میچ میں انگلینڈ کو12رنز سے شکست دے کر فائنل کوالیفائی کیلئے پوزیشن بہتر بنالی اور اگلے میچ میں آسٹریلیا سے فتح اسے فائنل میں پہنچا سکتی ہے۔نیوزی لینڈ کی فتح میں کپتان کین ولیمسن اور اوپنر مارٹن گپٹل کی بیٹنگ رہی ۔ دونوں کی 82رنز کی شراکت سے اسکور 196 تک پہنچا ۔ دونوں نے 40 اور 46گیندیں کھیل کر با لترتیب72اور65رنز اسکور کئے۔ گپٹل نے3چھکے اور6چوکے جبکہ کین ولیمسن نے4چھکے اور 4چوکے لگائے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔مارک چیپمین نے20جبکہ ٹم سیفرٹ نے ناقابل شکست14رنز کا اضافہ کیا ۔ انگلش بولرز نے13اضافی رنز دئےے۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور مارک ووڈ ن نے 2،2 وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی پہلی وکٹ14کے اسکور پر گر گئی تھی جب جیسن روئے 8رنز بنا کر ساﺅتھی کی گیند پر کیچ ہو گئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں ایلکس ہیلز اور ڈیوڈ ملانے74رنز بناتے ہوئے صورتحال کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی تاہم شراکت ٹوٹنے کے بعد انگلش ٹیم کےلئے ہدف تک پہنچنے کی کوششیں مشکلات سے دوچار رہیں۔ایلکس ہیلز نے24گیندوں پر47رنز اسکور کئے جس میں3چھکے اور6چوکے شامل تھے ۔ ڈیوڈ ملان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا لیکن دوسری جانب جیمز ونس ، جوز بٹلر اور سیم بلنگز جلد آوٹ ہو گئے جبکہ اسکور میں24رنز کا اضافہ ہی ممکن ہو سکا۔ 158پرجب ڈیوڈ ملان بھی59رنز کے انفرادی اسکور وکٹ سے محروم ہوئے تو صورتحال مزید مخدوش ہو گئی۔ملان نے 40 گیندوں پر2چھکوں اور6چوکوں کی مدد سے یہ رنز اسکور کئے۔ اگرچہ ڈیوڈ ولی نے 10گیندوں پر21رنز بنا کر کچھ امید پیدا کی لیکن دوسری طرف کیوی بولر حاوی ہو گئے اور بولٹ نے یکے بعد دیگرے کرس جارڈن اور لیام پلنکٹ کو بولڈ کرکے صورتحال نیوزی لینڈ کے حق میں کردی۔172 کے مجموعی اسکور پرڈیوڈ ولی کے رن آوٹ ہونے کے بعدمیچ پوری طرح انگلینڈ کے ہاتھ سے نکل گیا۔عادل رشید اور مارک وڈ وکٹ پر موجود رہے لیکن ان کیلئے ٹیم کو ہدف تک پہنچانا ممکن نہیں ہو سکا اور انگلش ٹیم9وکٹوں کے نقصان پر184رنز تک محدود رہتے ہوئے 12رنز سے ہار گئی۔ ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اوراش سوڈھی نے2-2وکٹیں لیں جبکہ ایک کھلاڑی کو ٹم ساوتھی نے پویلین بھیجا۔اب نیوزی لینڈ کا اگلا میچ جمعہ کو آسٹریلیا سے ہوگا اگر کیوی ٹیم جیت گئی تو فائنل بھی کھیلے گی بصورت دیگر انگلینڈ کے ساتھ اس کا آخری میچ فیصلہ کرے گا کہ آسٹریلیا سے فائنل میں کون مقابلہ کرے گا۔