Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نائجیریا : طیارے کاایمرجنسی دروازہ لینڈنگ کے وقت نیچے جاگرا

لندن ..... نائجیریا کے ایک ایئرپور ٹ پر مسافر بردار طیارہ ایسی حالت میں اترا کہ اسکا ایمرجنسی دروازہ پہلے ہی اس سے الگ ہوکر نیچے گر چکا تھا۔ ہنگامی استعمال کیلئے مختص دروازے کے نیچے گرتے ہی تمام مسافروں میں خوف اور وحشت کی فضا پھیل گئی تاہم طیارہ اسی حالت میں لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔ یہ طیارہ ابوجا جارہا تھا کہ دروازہ گرنے کے بعد اسے کسی دوسرے ایئرپورٹ پر اترنا پڑا۔ فضائی کمپنی نے اس واقعہ کا نوٹس لینے کے باوجود اسے اپنی غلطی کم اور کسی مسافر کی چھیڑ چھاڑ کا نتیجہ زیادہ قرار دیا ہے۔ کمپنی کا کہناہے کہ کوئی جان بوجھ کر ہی ایسی حرکت کرے تو ایمرجنسی ڈور کھل کر گر سکتا ہے ورنہ ایسا نہیں ہوسکتا۔ پولا براﺅن نامی ایک مسافر کاکہناتھا کہ مسافروں کے اخراج کا یہ ایمرجنسی دروازہ پورے سفر میں ڈگمگ ڈگمگ کرتا رہا کیونکہ دروازے کے قبضے اور طیارے سے منسلک حصے کے درمیان خلا صاف نظرآرہا تھا۔ یہ خلا رفتہ رفتہ زیادہ ہوگیا اور آخر کار طیارے کا دروازہ نیچے جاگرا۔ ایک او رمسافر نے کہا کہ راستے میں ہوا تیز چل رہی تھی۔ عین ممکن ہے کہ تیز ہوا کی وجہ سے اس کا دروازہ پہلے ڈھیلا پڑا اور پھر گر گیا ہو۔ بی بی سی کے مطابق یہ طیارہ ڈانا ایئرلائنز کا تھا۔

شیئر: