کراچی...ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سینیٹ کے لئے اپنے امیدواروں سے دستبردار ہو گئے۔ رابطہ کمیٹی کو پیشکش کی ہے کہ وہ اپنے 4 نام دیں انہیں پارٹی کی جانب سے سینیٹ ٹکٹ دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اور 40 سالہ جدوجہد بچانے کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ میری ضد کے باعث سارا معاملہ خراب ہوا ۔کامران ٹیسوری یا کوئی اور میرا مسئلہ نہیں ۔سب کے سامنے اعلان کرتا ہوں کہ جس رابطہ کمیٹی کو میں نے تحلیل کیا تھا وہ مجھے اپنی مرضی کے 4 نام دے، ان کا باضابطہ اعلان کردوں گا اور اپنے نامزد کردہ امیدواروں کے ناموں سے دستبردار ہوجاوں گا۔ بحیثیت سربراہ عزت اور کچھ فیصلوں پر آخری رائے میری ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ کارکن تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی کے گمراہ کن پروپیگنڈے میں نہ آئیں۔