Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوامی نمائندوں کو چور کہنا قابل قبول نہیں،شاہد خاقان

    حافظ آباد... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اداروں کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے۔عوامی فیصلے عوام پر چھوڑ دیئے جائیں۔ملک کی ترقی کیلئے ادارے ایک دوسرے کی عزت کریں۔ عوامی نمائندوں کو کبھی چور، مافیا اور ڈاکو کہا جاتا ہے یہ چیزیں قابل قبول نہیں ۔ عوامی نمائندگی آسان کام نہیں ۔ہر5 سال بعد احتساب ہوتا ہے۔ لودھراں کے عوام نے نواز شریف کی سیاست کا فیصلہ کردیا ۔ حافظ آباد میں قومی صحت کارڈ کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی صحت کارڈ اسکیم میں غریبوں کو بلاامتیاز سہولتیں فراہم کی جار ہی ہیں۔ اس کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک میں گیس نہیں تھی۔ انڈسٹری اور کارخانے بند تھے لیکن آج وافر مقدار میں گیس موجود ہے ۔ سی این جی اسٹیشنوں پر لائنیں ختم ہوچکی ہیں ۔شاہد خاقان نے کہا کہ حکومت کام کررہی ہے۔ اس نے کارکردگی دکھانی ہے۔فیصلہ پھر ہونا ہے، وہی فیصلہ مقدم ہوتا ہے جو عوام کا فیصلہ ہوتا ہے۔ اخبارات میں پڑھا ہے کہ عدالتوں میں عوام کے نمائندوں کو کبھی چور، مافیا، ڈاکو کہا جاتا ہے یہ چیزیں قابل قبول نہیں۔ 20 کروڑ عوام کے منتخب نمائندوں کوایسے القابات دیئے جائیں تو عوام اسے مسترد کرتے ہیں۔سیاسی فیصلہ عوام پولنگ اسٹیشنوں پر کرتے ہیں۔ 2018ءکے انتخابات میں عوام پھر فیصلہ کرینگے۔ عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے خدمت کرنے والوں کا انتخاب کرنا ہے یا الزام تراشی یا گالم گلوچ کرنے والوں کا انتخاب کرنا ہے۔ 

شیئر: