نئی دہلی.... کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے مرکزی مجلس عاملہ توڑے جانے کے بعد قائم ہونے والی اسٹیرئنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کئی اہم فیصلو ںکا احاطہ کیا۔ ان کی نئی کمیٹی میں 34ارکان ہیں جن میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور کئی دوسرے متعدد اہم کانگریسی لیڈروں مثلاً احمد پٹیل، غلام نبی آزاد، ملکاارجن کھڑگے اور اے کے انتونی شریک تھے۔ نئی اسٹیرئنگ کمیٹی ہر وہ کام کریگی جو سابق مرکزی مجلس عاملہ کرتی تھی اور اس کا یہ کام نئی مرکزی مجلس عاملہ کے قیام تک سنبھالے گی۔ 5مارچ کو پارٹی کا پلینری سیشن منعقد ہو گا جس میں ملک بھر سے کانگریسی وفود شرکت کریں گے او رکانگریس کے نئے سربراہ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ واضح ہو کہ مرکزی حکومت کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ بھی اسی تاریخ سے شروع ہوگا۔ اس اجلاس میں مرکزی مجلس عاملہ کے تمام سابق ارکان شامل ہوں گے جبکہ اہم شرکاءمیں امریندر سنگھ ولاس متمور، آر کے دھون ، شیوا جی راﺅدیش مکھ ، ایم وی راجیش کھرن او رمحسنہ قدوائی کو مدعو کیا گیا ہے۔ پارٹی کے آئین کے مطابق کانگریس کے صدر اور چیئرپرسن کے علاوہ مرکزی مجلس عاملہ 12ارکان کو منتخب کرتی ہے اور اس میں 11ارکان نامزدگی کے ذریعے آتے ہیں۔ نئی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے سے ذرا پہلے یا اس کے بعد ممکن ہے۔ دریں اثناءدہلی کانگریس کے سابق سربراہ ارویندر سنگھ 9مہینے تک پارٹی سے الگ ہو کر بی جے پی میں جانے کے بعد دوبارہ کانگریس میں پلٹ آئے ہیں۔ کانگریس میں ان کی پارٹی کا فیصلہ راہول گاندھی اور دہلی کانگریس کے سربراہ اجے ماکن نے کیا۔