کراچی ...جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں گھوڑے بکنے جارہے ہیں۔سینیٹ کے انتخاب میں ووٹ خریدنے کا رجحان خطرناک اور منتخب نمائندوں کی منڈیاں لگنا افسوسناک ہے۔ کراچی میں علماءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سینیٹ کے انتخابات شفاف بروقت ہونے چاہئیں۔بظاہر لگتا ہے کہ منڈیاں لگی ہوئی ہیں اصطبل بنے ہوئے ہیں۔کیا یہی لوگ ہمارے لئے قانو ن سازی کرینگے اور ملک کے فیصلے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ماضی اور سیاسی مستقبل بھی معلوم ہے۔عمران خان کے آگے ہے نہ پیچھے ہے۔ لاس اینجلس سے ڈی چوک تک سب معلوم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست کو پورے کراچی کی سیاست نہیں سمجھتا۔انہوںنے کہاکہ ڈگریوں والے لاکھوں نوجوان بیروزگار ہیں۔سرکاری تعلیمی اداروں کے نوجوانوں کے روزگار کی فکر نہیں،لیکن فکر لاحق ہوگئی تو مولوی کے روزگار کی۔ مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی ہے۔پتہ نہیں یہ قومی دھارا ہے کیا؟۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اقتدار حاصل کرنے کا ذریعہ عام آدمی کا ووٹ ہے۔نظام کی تبدیلی میں حصہ دار بننے کے لئے ووٹ ہی ہتھیارہے۔انہوں نے کہاکہ جن کو سیاست کے لفظی معنی نہیں آتے وہ سیاستدان کہلاتے ہیں۔دھوکے بازی جھوٹ کی سیاست سے ناواقف ہیں۔