کیا وزیر اعظم کینیڈا کو دورہ ہند میں نظر انداز کیا جارہا ہے؟
نئی دہلی- - - - - کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو 7روزہ سرکاری دورے پر ہند آئے ہوئے ہیں۔ اس وقت ٹروڈ گجرات میں ہیں جبکہ مودی کرناٹک میں جہاں چند ماہ بعد اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔بعض تجزیہ نگاروں کا کہنا کہ مودی حکومت کینیڈا کے وزیر اعظم کے دورہ ہند کو اتنی اہمیت نہیں دے رہی جتنی دی جانی چاہئے تھی۔ قیاس آرائی یہ ہے کہ جسٹن کی کابینہ میں شامل وہ 4 سکھ وزرا ء ہو سکتے ہیں جن کے بارے میں ہندمیں بعض لوگوں کا الزام ہے کہ ان کی ہمدردی خالصتان کی علیحدگی پسند تحریک کے ساتھ رہی ہے۔ جب ٹروڈو اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ ہفتہ کی رات دہلی پہنچے تو ان کا استقبال کرنے کیلئے ہوائی اڈے پر وفاقی حکومت کے ایک جونیئر وزیر موجود تھے لیکن گزشتہ ماہ جب اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتنیاہو اور اس سے پہلے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور جاپان کے وزیر اعظم انڈیا آئے تھے تو نریندر مودی ان کا استقبال کرنے خود ائیر پورٹ پہنچے تھے اور نتنیاہو اور شنزو ایبے کو خود گجرات لے کر گئے تھے۔ بنیامین نتنیاہو آگرہ میں تاج محل دیکھنے گئے تو خود اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ان کے ساتھ موجود رہے۔ جسٹن ٹروڈو گئے تو انہیں ضلع مجسٹریٹ سے ہی کام چلانا پڑا۔واضح ہوکہ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات جمعہ کو ہوگی۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ دورہ ہند پرآنے والی ہر شخصیت کے ساتھ وزیراعظم ہر جگہ جائیں۔