گیتانجلی سے ہیرے کے زیورات خریدنے والوں کی نیندیں اڑ گئیں
کانپور۔۔۔۔پنجاب نیشنل بینک میں 11,400کروڑ روپے سے زیادہ کے گھپلے میں گیتانجلی جیویلز لمیٹڈ کے ملوث ہونے کی خبر کے بعد کمپنی کے اعلیٰ افسران نے استعفیٰ دیدیا ۔گیتانجلی کمپنی کے سابق ایم ڈی سنتوش سریواستو نے انکشاف کیا ہے کہ گیتانجلی جیمز نقلی ہیروں کے زیورات فروخت کیا کرتی تھی۔ اگر آپکی بیوی ، بہن یا رشتے داروں نے گیتانجلی سے ہیروں کے زیورات کی خریداری کی ہوتواس کی جانچ کرالیں، وہ ہیرے یا تو نقلی ہونگے یا ان کی مالیت اصل قیمت سے کہیں زیادہ ہوگی۔شریواستو نے مزید بتایا کہ لیباریٹریز میں تیار کی جانیوالی ڈائمنڈ جیولری کی قیمت اصل ہیرے کی قیمت سے کئی گنا کم ہیں جسے اصل ہیرے کی قیمت میں فروخت کیا جاتا تھا۔ہیروں کے اصلی ہونے کے سرٹیفکیٹ میں بھی دھوکہ دہی سے کام لیا جاتا ،جن ہیروں کو اے گریڈکا بتاکر کسٹمر کو دیا جاتا وہ حقیقت میں سی گریڈ کا ہوتا تھا۔سنتوش سریواستو نے آئی آئی ٹی (بی ایچ یو ) سے میٹریکل انجینیئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ 2007سے گیتانجلی کمپنی سے منسلک ہوئے پھر کمپنی نے انہیں2009ء میں منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پرتعینات کیا۔ سنتوش کے اس انکشاف سے گیتانجی سے زیورات خریدنے والے صارفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔