جو دل میں بس رہا ہے حکومت اسی کی ہے
اسلام آباد... مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے فیصلو ں سے نواز شریف مائنس نہیں ہوسکتا بلکہ اس سے مزید مضبوط ہوگا ۔نواز شریف کا بیانیہ مزید مقبول ہوگا ۔مسلم لیگ (ن)اسی لائن پر چلے گی جس کا فیصلہ نواز شریف کریں گے ۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹوئٹر پربیان میں کہا کہ نااہلیاں، جلاوطنیاں، دھمکیاں، الزامات، سازشیں اور مقدمات سیاست کا دھارا بدل سکی ہیں نہ بدل سکیں گی۔ جو دل میں بس رہا ہے حکومت اسی کی ہے۔وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اقامہ کا فیصلہ بھی عوام نے تسلیم نہیں کیا تھا اس فیصلے کو بھی عوام نہیں مانیں گے۔ نواز شریف کے اقدامات سے سب نے فوائد حاصل کئے ۔ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا ۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اس طرح کے فیصلو ں سے نواز شریف مائنس نہیں ہوسکتا بلکہ اس سے مزید مضبوط ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کا نام ہی مسلم لیگ نواز ہے اور وہ ایک مقبول لیڈر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیدھی طرح کہا جائے کہ ن لیگ کو انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیں گے کیونکہ نواز شریف کو ہرانے کے لئے سیاسی طریقے کامیاب نہیں ہو پا رہے ۔