گو کہ دنیا بھر میں ٹیبلٹس کی مانگ اور فروخت میں کمی واقع ہورہی ہے تاہم ہواوے کمپنی نے سال 2017 میں اپنے ٹیبلٹس کی پیداوار اور فروخت میں 28 فیصد اضافہ کیا تھا اور کمپنی 2018 میں بھی ٹیبلیٹس کی پیداوار اور فروخت کو اسی طرح جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ہواوے کمپنی موبائل ورلڈ کانگریس میں میڈیا پیڈ ایم فائیو 10 پرو ٹیبلٹ متعارف کرانے جا رہی ہے۔ ڈیوائس سے متعلق ابتدائی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس کے مطابق اس ٹیبلٹ میں میٹل باڈی ، 10.1 انچ ڈسپلے ، 1660×2570 پکسل ریزولوشن ، 16:10 اسکرین ریشو ،کرن 960 پروسیسر ، 4 جی بی ریم ، 32/64 جی بی اسٹوریج دیا جائے گا۔اسٹوریج کو ایس ڈی کارڈ کی مدد سے 256 جی بی تک بڑھایا جاسکے گا۔ ٹیب اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم کے تحت کام کرے گا۔ ٹیب کے کیمرہ سیٹ اپ میں فیز ڈیٹکشن آٹوفوکس اور ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ 13 میگا پکسل کا بیک کیمرہ اور 5 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ دیا جائے گا۔ ہوم بٹن اور فنگر پرنٹ سکینر کو ٹیب کے فرنٹ پر جگہ دی جائے گی۔ ٹیب کو کالے رنگ میں متعارف کروایا جائے گا۔ ڈیوائس کی قیمت سے متعلق کوئی رپورٹ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔