ٹروڈو کا ہند پر امیج خراب کرنے کا الزام
نئی دہلی۔۔۔۔کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اس دعوے کی حمایت کی کہ دورہ ہند کے موقع پر حکومتی عملے نے ان کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی۔خالصتان تحریک کے حامی ہند نژاد کینیڈین جسپال اٹوال کے ان کے ہمراہ ہند آنے سے جسٹن کا دورہ تنازعہ کا شکار ہوگیا۔ دہلی میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کی جانب سے منعقدہ ڈنر کی تقریب بھی منسوخ کرناپڑی۔کینیڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر ڈینیل جاپ نے کہا کہ اٹوال کی موجودگی کے پیچھے ہند کے ان سرکاری عناصر کا ہا تھ تھا جو یہ نہیں چاہتے کہ وزیر اعظم مودی غیر ملکی حکومت کے قریب آئیں۔وزیر اعظم جسٹن کے کینیڈا پہنچنے کے بعد اپوزیشن ارکان نے اٹوال سے تعلق کے معاملے پر پارلیمنٹ میں جم کر ہنگامہ برپا کیا۔کینیڈا کے وزیر اعظم کے ایک سینیئر افسر نے کہا کہ اٹوال کی دورے میں شمولیت کا انتظام ہند وستانی حکومت کے ہی کچھ لوگوں کی طرف سے کیا گیاتھا ۔کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اینڈریو یشر نے کہا کہ اٹوال کے معاملے پر وزیر اعظم واضح طور پر اپنی رائے بیان کریں۔حکومت ہند نے اس الزام پر ناراضی کا اظہار کیا کہ اٹوال کی موجودگی کے ذمہ دار ہند کے سرکاری افسران ہیں جبکہ اس معاملے میں ان کا کوئی دخل نہیں۔