چیمپیئنز ٹرافی کےلئے پاکستانی ویمنزٹیم کا اعلان
لاہور:پی سی بی کی ویمنز سلیکشن کمیٹی نے چیف سلیکٹر جلال الدین کی قیادت میں ویمنز چیمپیئنر ٹرافی کے دوسرے مرحلے کےلئے بسمہ معروف کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ ٹیم رواں ماہ کے آخرمیں سری لنکا میں ہونے والی آئی سی سی ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے میچوں میں شرکت کرے گی جہاں سری لنکا کی ٹیم کا سامنا ہو گا۔قومی ٹیم دورے میں سری لنکا کے خلاف 3ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جو 20 مارچ سے 31 مارچ کے درمیان شیڈول ہیں۔ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے مرحلے میں رواں ماہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم ہند کے خلاف کھیلے گی۔ہند دوسرے مرحلے کے میچوں میں آسٹریلیا کے بعد انگلینڈ کی میزبانی کرے گا جو 8 اپریل سے کھیلے جائیں گے۔ویمنز چیمپینز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم اب تک 3 میچوں میں1-2کے ساتھ صرف دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے نمبر پرہے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں 6 پوائنٹس حاصل کرکے بہترین ریٹ کی بنیاد پر سرفہرست اور نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اورہند، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔سری لنکا کے خلاف ٹیم میں بسمہ معروف (کپتان)، بی بی ناہیدہ، سدرہ امین، جویریہ ودود، فریحہ محمود، منیبہ علی صدیقی، سدرہ نواز، ثنا میر، ندا راشد، کائنات امتیاز، نتالیہ پرویز، نشرہ سندھو، غلام فاطمہ، ڈیانا بیگ، ایمن انور شامل ہیں۔