ڈربن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 118رنز سے شکست دیدی
ڈربن: آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 118 رنز سے شکست دے کر 4 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو فتح کے لئے 416 رنز کا ہدف دیا تھاجس کے تعاقب میں کھیل کے آخری روز میزبان ٹیم 298 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔کھیل کے چوتھے دن ہی جنوبی افریقی ٹیم 293رنز پر 9وکٹیں گنوا چکی تھی، کھیل کے آخری دن اسکور میں صرف5رنز کا اضافہ ہوسکا۔ چوتھے دن کے ناقابل شکست وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک آوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جنہوں نے 83رنز بنائے ان کی وکٹ جوش ہیزل وڈ نے لی۔ مورنی مورکل 3رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔مچل اسٹارک اور جوش ہیزل وڈ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے جنوبی افریقی بیٹنگ لائن بہت کمزور ثابت ہوئی اور اس کے 7 بیٹسمین ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔مچل اسٹارک نے 4 اور جوش ہیزل وڈ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ میچ میں شاندار پرفارمنس پر مچل اسٹارک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈدیا گیا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 351 اور دوسری میں 227 رنز بنائے، میزبان جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں صرف 162 اور دوسری میں 298 رنز بناسکی۔