ٹوکیو ۔۔۔جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی عالمی مہم’’ آئی کین‘‘ نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے 300 سے زائد مالیاتی اداروں نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں شامل کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ نوبل امن انعام یافتہ آئی کین اور ہالینڈ کے ایک گروپ پیکس نے 2017ء تک کے3 سالوں کی تحقیق کے نتائج پر مبنی جاری کردہ مشترکہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق 24 ممالک اور خطوں کے 329 بینکوں، پینشن فنڈز اور اثاثوں کا انتظام کرنے والی کمپنیوں نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے منسلک کمپنیوں میں 5 کھرب 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ یہ رقم ایک سال قبل کے مقابلے میں 81 ارب ڈالر زائد ہے۔ فہرست میں پہلی 10سرمایہ کار کمپنیاں امریکہ میں قائم ہیں، جن میں سے 3 نے گزشتہ سال جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے ایک کھرب 10 ارب ڈالر کا سرمایہ فراہم کیا۔جاپان کے 7 مالیاتی اداروں نے ان کمپنیوں میں 18 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔