سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کی سربراہی میں سعودی الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس ہوا ہے جس میں جنوبی علاقے کی بیشتر کمشنریوں میں بجلی کی بندش کے حوالے سے فوری رپورٹ طلب کی گئی۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی نے متاثرہ کمشنریوں میں بجلی کی بندش کے اسباب جاننے کے لیے وسیع پیمانے پر تحقیقات کا حکم صادر کرتے ہوئے جلد از جلد مسئلے کو حل کرنے اور کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں
-
رابغ پاورسٹیشن میں آگ حادثاتی طور پر لگی: سعودی بجلی کمپنیNode ID: 555721
اتھارٹی نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے مسئلہ کو اعلی سطح پر دیکھا جارہا ہے جتنی جلدی ممکن ہوا متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کی جائے گی۔
قبل ازیں بیان میں سعودی الیکٹرک کمپنی کا کہنا تھا’ عسیر، جازان اور نجران میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔‘
’ ان علاقوں کے مرکزی اور سب پاورسٹیشن میں ہونے والی فنی خرابی کی وجہ سے بجلی منقطع ہوئی۔‘
سعودی الیکٹرک اتھارٹی کا کہنا ہے’ وہ جنوبی علاقے کی متعدد کمشنریوں میں بجلی کے انقطاع سے باخبر ہیں اور اس بارے میں کمپنی کے ذمہ داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔‘
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا ’فنی خرابی کو دور کرنے کے لیے متعدد ٹیمیں کام کرر ہی ہیں، 80 فیصد صارفین کی بجلی بحال کردی گئی ہے۔‘
جنوبی علاقوں کی کمشنریوں میں چار بجے کے قریب فنی خرابی کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی تاہم مرحلہ وار بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔
علاوہ ازیں بجلی کمپنی کا کہنا تھا’ کمپنی کی جانب سے ہنگامی ٹرانسفرامرز کا بندوبست بھی کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں اس وقت تک بجلی فراہم کی جاسکے جب تک فنی خرابی مکمل طورپر درست نہیں ہو جاتی۔‘