تحریک انصاف کے فنڈز کی چھان بین کیلئے کمیٹی تشکیل
اسلام آباد...الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے غیر ملکی فنڈنگ کا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا ۔ کمیٹی اکاونٹس اور دستاویز کی جانچ پڑتال کے بعد ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5رکنی کمیشن نے کی۔فیصلے کے مطابق ڈی جی لا کی سربراہی میں کمیٹی پارٹی فنڈنگ کاجائزہ لےگی۔ کمیٹی وکلااورفریقین کی موجودگی میں جانچ پڑتال کرےگی ۔دریں اثناءتحریک انصاف کے سابق رہنما اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غیر ملکی اکاونٹس کی چھان بین کے لئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ باقی سیاسی جماعتوں کے اکاونٹس کی چھان بین کا بھی یہی طریقہ اپنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ اکبر ایس بابر نے نومبر 2014 میں تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی تھی۔