بیوی کی خودکشی پر 7گھنٹے نعش کے پاس بیٹھا رہا
بنگالورو.... بیوی کی خودکشی کے بعداسکا 35سالہ شوہر تقریباً7گھنٹے تک اسکی نعش کے ساتھ بیٹھا رہا۔ دونوں میں اتوار کی شب تلخ کلامی ہوئی تھی۔ ہمسایوں نے اگلی صبح گھر پر دستک دی تو وجے کرن اپنی بیوی کی موت سے پولیس کو آگاہ کرنے پر رضامند ہوا۔ اس نے 4سال قبل ہی کلاسی وجے سے شادی کی تھی۔ دونوں کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے۔ انکی 3سالہ بچی بھی ہے جو اپنی نانی کے پاس رہتی ہے۔ یہ جوڑا چھ ماہ قبل بنگالورو آیا تھا جبکہ والدین کبھی کبھار ملنے آیا کرتے تھے۔ دونوں میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ اتوار کی شب بھی جھگڑا ہوا جس کے بعد کرن 15منٹ کے لئے باہر چلا گیا۔ واپس آیا تو بیڈ روم اندرسے بند تھا۔ دروازہ نہ کھلا تو کرن نے دروازے کی جھری سے اندر جھانک کر دیکھا تو بیوی کی لاش چھت سے لٹکی ہوئی تھی۔ اس نے دروازہ توڑدیا اور تقریباً7گھنٹے تک لاش کے ساتھ ہی بیٹھا رہا۔ کرن نے اس دوران نہ تو اپنے والدین کو کچھ بتایا اورنہ ہی ساس سسر اور پولیس کو کچھ بتایا کیونکہ وہ انتہائی سوگ کے عالم میں تھا۔ بعد میں صبح ہمسایوں کے کہنے پر پولیس بلوائی گئی جو مرنے والی کی لاش اسپتال لے گئی۔ پولیس کا کہناہے کہ وہ کرن کے ساس سسر کی شکایت پر ہی کیس درج کریگی۔