شرجیل کے طبی معائنے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل
کراچی...سپریم کورٹ نے شرجیل میمن کے طبی معائنے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ۔بورڈ میں لاہور سے نیورو سرجن آصف بشیر، آغا خان اور ملٹری اسپتال سے ماہر ڈاکٹر شامل ہونگے ۔بورڈ جناح اسپتال کی رپورٹس سمیت شرجیل میمن کا دوبارہ میڈیکل چیک اپ بھی کرے گا ۔عدالت نے میڈیکل بورڈ کو15 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ہفتے کو سپریم کور ٹ کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت پر آئی جیل خانہ جات نے بتایا کہ بیشتر مریضوں کو واپس جیل بھیج دیا گیا۔ اب جیل سے باہر صرف9 قیدی زیر علاج ہیں ۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نے عدالت کو بتایا کہ نیب کورٹ کے حکم مطابق سیکریٹری صحت نے بورڈ تشکیل دیا ۔ عدالت کے فیصلے پر عمل کیا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ شرجیل میمن کتنے عرصے اسپتال رہے ، ان کا آپریشن کیوں نہیں کیا ۔اسپتال میں کتنے کمرے شرجیل کے لئے مختص تھے۔ سیمی جما لی نے بتایاشرجیل میمن 8 ہفتے سے اسپتال میں تھے۔2کمرے مختص تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ8 ہفتے نہیں3 ماہ تک اسپتال تھے۔ ان کے لئے اسپتال میں پارکنگ ایریا بھی مختص تھا ۔ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہاکہ کوئی پارکنگ ایریا مختص نہیں تھا۔عدالت نے سیمی جمالی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ پارٹی نہ بنیں۔ آپ کے لئے احترام ہے لیکن آپ پارٹی بن رہی ہیں۔ ہمیں سب رپورٹس ہیں۔